لکھنؤ20جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ مرکزی حکومت چاہتی ہے کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی ختم ہو اور امن و امان قائم ہو ۔ راج ناتھ سنگھ اپنے پارلیمانی حلقہ کے دو روزہ دورے پر آج صبح یہاں پہنچے۔ انہوں نے ایک نجی ہسپتال کے پروگرام کے دوران نامہ نگاروں سے کہاکہ مقصد صرف ایک ہی ہے کہ دہشت گردی ختم ہونا چاہیے اور کشمیر میں امن و امان قائم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اسی مقصد کو سامنے رکھ کر ہماری حکومت کام کرے گی۔ راج ناتھ سنگھ سے نامہ نگاروں نے سوال کیا تھا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کے ساتھ ناطہ توڑ لیا ہے، اب آگے کا کیا ارادہ ہے ۔وزیر داخلہ کا یہ بیان اس لحاظ سے اہم ہے کہ کل ہی بی جے پی نے جموں و کشمیر میں پی ڈی پی سے اتحاد توڑا ہے، جس کے بعد وزیر اعلی محبوبہ مفتی کو استعفیٰ دینا پڑا اور ریاست میں آج سے ہی گورنر راج کا نفاذ ہو گیا ہے ۔ نجی ہسپتال کے پروگرام میں اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی دنیش شرما اور وزیر صحت سددھارتھناتھ سنگھ بھی موجود تھے۔راج ناتھ سنگھ کل بین الاقوامی یوگا ڈے پروگرام میں ریاست کے گورنر رام نائک اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ شرکت کریں گے ۔